اسلامی کیلنڈر استعمال کرنے کی اہمیت Urdu Calendar

اسلامی کیلنڈر استعمال کرنے کی اہمیت

 ہمیں چاہیے کہ ہم اسلامی تقویم ہجری کے استعمال کی عادت ڈالیں، اپنے روز مرہ کے استعمال میں اس تقویم کو سامنے رکھیں، اگرچہ ! دوسرے کلینڈروں کااستعمال گناہ نہیں ہے، شرعاً اس کے اختیار کرنے میں بھی ممانعت نہیں ہے؛ لیکن شمسی تقویم کا ایسا استعمال کہ ہم اسلامی تقویم کو بالکلیہ بھلا بیٹھیں، یہ کسی طرح درست نہیں؛ اس لیے کہ اسلامی تقویم ہجری کی حفاظت بھی مسلمانوں کافرض ہے اوراس کے استعمال میں ثواب ہے، جس سے محروم نہیں ہوناچاہیے. 

نیز ! اپنی شناخت اور اپنے امتیاز کو باقی رکھنابھی ایک غیرت مند مسلمان کے لیے بڑی اہمیت رکھتاہے، اس معاملے میں اس کی بہتر شکل یہ ہے کہ ہم قمری تاریخ کے استعمال کو ترجیحی بنیادوں پر دوسری تقویم کے مقابلے میں استعمال کریں، خدا نخواستہ اگر سب مسلمان اسلامی تقویم ہجری کو چھوڑ بیٹھیں اور بھلا دیں تو سب کے سب اللہ کے یہاں مجرم ٹھہریں گے؛ اس لیے کہ اسلام کی بہت ساری عبادات کا تعلق اسی تقویم سے ہے.

 حضرت حکیم الأمت رحمہ اللہ اپنی تفسیر ” بیان القرآن “ میں ر قم طراز ہیں:
”․․․․․․ البتہ چونکہ احکام شرعیہ کامدار حساب قمری پر ہے؛ اس لیے اس کی حفاظت ”فرض علی الکفایہ“ ہے، پس اگر ساری امت دوسری اصطلاح کواپنا معمول بنالیوے، جس سے حساب قمری ضائع ہوجاوے ؛ (تو) سب گنہگار ہوں گے، اور اگر وہ محفوظ رہے، تو دوسرے حساب کااستعمال بھی مباح ہے؛ لیکن خلافِ سنتِ سلف ضرور ہے، اورحسابِ قمری کابرتنا بوجہ اُس کے فرضِ کفایہ ہونے کے لابُدَّ افضل واحسن ہے “۔

📕(مستفاد :بیان القرآن،سورة التوبة:۳۶)📕
مفتی یاسر امان قاسمی احمد آباد گجرات

Post a Comment

0 Comments